پاک امریکہ تعلقات میں اہم پیش رفت، پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جو بائیڈن انتظامیہ نے پاکستان کو پی آئی اے کی امریکا کے لیے پروازیں بحال کرنے کے اقدامات کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ بتایا گیا کہ امریکا کی جانب سے پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اسٹریٹیجک رفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے واشنگٹن میں امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

سلمان صوفی نے بتایا ہے کہ امریکا کی طرف سے مثبت ردِعمل دیا گیا ہے، امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں کو بحال کرنے کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا نے اپنے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات دینے کا کہا ہے، پاکستان اس مقصد کے لیے ایف اے اے کو انسپکشن کی دعوت بھی دے گا۔ وزیرِ اعظم کے اسٹریٹیجک رفارمز یونٹ کے سربراہ نے بتایا کہ امریکا نے پاکستان سے براہِ راست پروازیں شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، براہِ راست پروازوں سے متعلق وفاقی وزیر سعد رفیق گزشتہ کئی ماہ سے کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ اس سے متعلق تمام تیاریاں 6 سے 9 ماہ میں مکمل ہو جائیں گی، ہم امریکا سے کارگو کی بھی اجازت مانگ رہے ہیں، پاکستانی تاجروں کے لیے کارگو کی سہولت پر بھی بات ہوئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں