ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کو ہٹا دیا گیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ق کی مجلس عاملہ نے پارٹی کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کو پارٹی عہدوں سے ہٹادیا۔ق لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ق لیگ کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے بتایا کہ شارٹ نوٹس پرآج ہنگامی اجلاس ہوا، لیگل ونگ کی مشاورت کے بعد آج اجلاس بلایا گیا جس میں 83لوگ شریک ہوئے۔

 

مشاورت کے بعد چارسے پانچ قرار دادیں پاس ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ تین افراد کی کارروائیاں پارٹی کےلیے نقصان دہ ثابت ہوئیں،اجلاس میں چوہدری شجاعت کوصدارت سےالگ کرنےکا فیصلہ کیا گیا، انہیں صحت کے پیش نظر صدارت سے الگ کرنے کا فیصؒہ کیا گیا۔ ان کی صحت ان کے فیصلوں پر اثر انداز ہوئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ طارق بشیر چیمہ کو بھی پارٹی عہدے سے ہٹادیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ق لیگ نے فوری الیکشن میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی الیکشن کے سلسلے میں پانچ رکنی الیکشن کمیشن قائم کردیا گیا ہے جس کی سربراہی جہانگیر جوجا ایڈووکیٹ کریں گے، ق لیگ کا انٹرا پارٹی الیکشن محرم کے بعد ہوگا۔کامل علی آغا کے مطابق ق لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان کی سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں حمایت کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close