نئے الیکشن کروانے ہیں توپہلے یہ کام کرو، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کو چیلنج کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کے فیصلہ کا قوم انتظار کر رہی ہے جبکہ ماڈل ٹاون کا فیصلہ ہو چکا،ہم پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔ اگر الیکشن کرانے ہیں تو پہلے اپنی 2 حکومتیں ختم کرو۔ پنجاب حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب گورنمنٹ بنی نہیں تھی عمران خان دھمکیاں دے رہے تھے۔

 

فارن فنڈنگ کیس کا فی الفور فیصلہ کیا جائے کیونکہ 5 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔ 50 بار فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس کیس سے بچنے کے لیے 9 رٹ پٹیشن دائر کیں۔ فیصلہ محفوظ ہو گیا ہے جسے سنانے میں الیکشن کمیشن کو کونسی رکاوٹ ہے ؟ وفاقی کابینہ اجلاس میں بھی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور اتحادی حکومت کا بھی مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری سنایا جائے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ کی گئی جبکہ براہ راست ان کمپنیوں کا تعلق بھارت اور اسرائیل سے ہے۔ ساڑھے 7 سو ملین ڈالر وہ ہیں جو پکڑے گئے ہیں اور ان کے اپنے لوگ ہیں،جنہوں نے اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ 350 اکاؤنٹس سے ان کے 4 ملازمین کے اکاؤنٹ میں پیسے آئے اور تم نے جو لوٹ مار کی ہے،اس کا حساب دینے کے لیے تم تیار نہیں۔

 

تمہارے ارد گرد چور ڈاکو بیٹھے ہیں،اور تم مخالفین کو ہر وقت گالیاں دیتے ہو۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ڈھائی کروڑ کے قریب ووٹ لیے اور ہم نے مشکل فیصلے کیے ہیں۔ عمران خان معاہدہ کر کے گئے تھے جس کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں،مہنگائی اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ پچھلی حکومت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں