پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ گرفتار

کراچی ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حلیم عادل شیخ جامشورو اینٹی کرپشن دفتر میں بیان ریکارڈ کرانے گئے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پر محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے زمینوں میں خورد برد کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

 

جس کے باعث حلیم عادل شیخ کو ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان میمن کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔اس سے پہلے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو لاہور سے حراست میں لیا گیا تھا، اسدعمر نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کو اغواء قرار د یتے ہوئے کہا کہ صورتحال بار ، بینچ ، میڈیا اور انسانی حقوق کے تنظیموں کیلئے امتحان ہے جب کہ سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کو کچھ ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہو گی جبکہ شہباز گل کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری لرزتی ہوئی حکومت کی بوکھلاہٹ ہے، حلیم عادل کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ،عدالت میں پیش نہیں کیاگیا، انہیں ہتھکڑی نہیں لگائی گئی بلکہ جمہوریت کو لگا دی گئی، جو کچھ ہو رہا ہے یہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہو رہا۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماء حلیم عادل شیخ کی حراست کو غیرقانونی قرار دے دیا، عدالت میں کوئی لیٹر پیش نہیں کیا گیا کہ حلیم عادل کو گرفتار کرنا ہے۔

 

عدالت نے حلیم عادل کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ کی حراست کے خلاف درخواست دائر کی گئی، جس کے تحت لاہور ہائیکورٹ نے حلیم عادل شیخ کی حراست کو غیرقانونی قرار دے دیا، عدالت نے کہا کہ حلیم عادل کی گرفتاری سے متعلق کوئی لیٹر پیش نہیں کیا گیا، عدالت نے خدشے کے پیش نظر حلیم عادل کی 18 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے،جس کے تحت عدالت نے حلیم عادل کو رہا کرنے کا حکم دیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close