عمران خان نے دوبارہ اسلام آباد آنے کی کوشش کی تو۔۔۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے پھر بڑی دھمکی دیدی

اسلام آباد ( پی این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر عمران خان نے دوبارہ اسلام آباد آنے کی کوشش کی تو 25 مئی والا حال ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو ہم روکیں گے اور اگر عمران خان نے دوبارہ ایسا کوئی ایڈونچر کیا تو 25 مئی والی ایکسرسائز ہو گی۔

 

پنجاب یا خیبرپختونخواہ سے چڑھائی کا فیصلہ کیا تو ہم انہیں وہیں پر روکیں گے، ایسا بالکل نہ سمجھیں کہ اسلام آباد آنے کیلئے سہولت کاری کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکامت ایک اتحادی حکومت ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن انتخابات کرانے جا رہی تھی لیکن اتحادیوں نے موجود حالات میں الیکشن کی طرف نہ جانے کا مشورہ دیا ، اتحادیوں اور محب وطن کے مشورے کے بعد شہبازشریف نے ذمہ داری قبول کی، آج ہم سرخرو ہیں اور الحمدللہ پاکستان دیوالیہ ہونےسے بچ گیا ، اب نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور انتخابی مہم چلائیں گے۔رانا ثنا ء اللہ نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھکمی بھی دے ڈالی اور کہا کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر وزارت داخلہ نے کام شروع کردیا ہے، پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی گورنر راج کا جواز ہوگا، کل شام سے باتیں ہورہی ہیں کہ فلاں کو ہٹادیں گے اور گرفتار کردیں گے ، اگر ایسی حرکت کی تو گورنرراج کی سمری وزارت داخلہ نے پیش کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی صورتحال خراب ہوئی، ڈالر کا ریٹ کیوں بڑھ رہا ہے؟ ایسا کریں گے تو سیاسی عدم استحکام تو آئے گا، عدلیہ کا احترام ہر معاشرے کے لیے ضروری ہے۔

 

کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ اختیارات پارلیمان کو دے دیے جائیں، عدلیہ کے اختیارات کی کمی کی کوئی بات نہیں کر رہا ، ایک غیر جانبدار عدلیہ ہر ملک اور معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، یہ مسلم لیگ ن یا سیاستدانوں کا مسئلہ ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے جب کہ ہم اپنے الفاظ محدود رکھتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close