عام انتخابات کی تیاریاں شروع، عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت ہونے والا سیاسی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنما شریک تھے۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کی تشکیل سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

 

اجلاس میں ن لیگ کی جانب سے گورنر راج لگانے کی دھمکی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران عمران خان اور دیگر قیادت کی جانب سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔عمران خان نے حکومت کے خلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کے مینڈیٹ کو لے کر وفاق کی طرف بڑھیں گے۔چوروں کے ٹولے نے ملک کو تباہ کر دیا۔قوم کو پتہ چل چکا ہے کون جھوٹا ہے کون سچا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی بنی گالا میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی ۔۔اس دوران ق لیگ کے رہنما مونس الہیٰ بھی موجود تھے۔نومنتخب وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے ایک بار پھر عمران خان کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان پنجاب اسمبلی توڑنے کا کہہ دیں تو ایک منٹ بھی نہیں لگاؤں گا۔

 

دوسری جانب پنجاب کابینہ کی تشکیل پر بھی مشاورت جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی نئی کابینہ میں شامل کرنے پر غور شروع کردیا۔ ابتدائی طور پر سابق گورنر کو صوبائی وزارت داخلہ میں کام کرنے کی آفر کی گئی تاہم عمر سرفراز چیمہ نے تاحال عہدہ لینے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں