عمران خان کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں آرہا؟ وزیراعظم شہباز شریف برس پڑے

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمشنربتائے!فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں نہیں آرہا،اسرائیل ، ہندوستان سے پیسے میں نے نہیں عمران خان نے منگوائے، کیا کسی نے سوموٹو ایکشن لیا؟انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

 

پاکستان بھر میں جہاں نقصانات ہوئے ہیں، اس کا مداوا کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، جب بچے کو تکلیف پہنچتی ہے تو بچہ ماں کے پاس جاتا ہے، یہ معزز ایوان ماں ہے، 1973کا آئین جو متفقہ آئین ہے، جس کو بنانے میں پورے پاکستان کی لیڈرشپ شامل تھی، ذوالفقار بھٹو کی لیڈرشپ میں سب نے مل کر آئین بنایا، آئین پاکستان کی وحدت کی نشانی ہے، اسی آئین نے پاکستان کو پوری دنیا کے سامنے مضبوط اور متحد کر کے پیش کیا، یہی آئین پاکستان کو مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہے، عوام کے منتخب نمائندے جن کے تحت ایوان کو اختیار ملا ہے، ایوان اس اختیار کو مقدس جان کر استعمال کرتا ہے، ایوان، عدلیہ ، مقننہ یا انتظامیہ ہو، آئین نے تمام اداروں کے اختیارات متعین کردیے ہیں، لیکن 75سال گزرنے کے باوجود آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا۔

 

ملک پر مارشل قائم رہے، مسلط رہے جس کے نتیجے میں پاکستان دولخت ہوا، جمہوریت کا پودا طاقتور نہ ہوسکا، آج اگر ہم قرب وجوار میں نظر دوڑائیں تو وہ ممالک جو پیچھے رہ گئے تھے وہ ترقی کی دوڑ میں آگے نکل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات پاکستان کی تاریخ کے جھرلو الیکشن تھے، نااہل حکومت کو مسلط کردیا گیا، آرٹی ایس بند کردیا گیا، دیہاتوں میں نتائج پہلے آگئے اور شہروں میں کئی روز نتائج نہ آسکے ، ایک لمبا سلسلہ ہے، 2018کی حکومت تاریخ کی بدترین دھاندلی کی پیداوار تھی، کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے، ساڑھے تین سالوں میں 20ہزار ارب سے زائد قرض لیے گئے، جی ڈی پی 5.8سے کم ہوکر منفی میں آگئی، لاکھوں لوگ بے روزگار اور لاکھوں بے گھر ہوگئے، معیشت کا جنازہ نکل رہا تھا، اگر اس وقت متحدہ اپوزیشن سیاست کو مقدم رکھتی تو پھر ریاست کا خداحافظ تھا، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کو بچانا ہے، سیاست بچتی رہے گی، ہم سب نے مل کر فیصلہ کیا، ہم جانتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کے قریب تھا، معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر تھی، لیکن کیا ہم چور دروازے سے آئے؟ ہم نے وزیراعظم ہاؤس پر چڑھائی کرنے کی بجائے آئین قانون کے مطابق حکومت کو گھر بھیجا۔

 

مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، مگسی، مینگل، داوڑ، بھوتانی، اے این پی ، باقی جماعتوں سب نے مل کر مجھے وزیراعظم منتخب کیا، میں نے ان کی معاونت سے ذمہ داری قبول کی۔ 1992میں ایک صدر تھے، آج دنیا میں نہیں ہیں، تم وزیراعظم بن جاؤ ،جنرل مشرف نے کہا تم وزیراعظم بن جاؤ، مزید راز ہیں جن کو میں قیامت تک نہیں اگل سکتا، میرے لیے وزیراعظم بننے کیلئے کئی مواقع تھے، پانامہ کے وقت جب نوازشریف کو سزا ہوئی توان کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے پارلیمانی پارٹی کے سامنے بٹھا کر میرا نام لیا۔یہ دنیا فانی ہے، اگر میں نے ماضی میں غیرقانونی آفر کو ٹھکرایا تو آئینی قانونی آفر کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں اپنے منصوبوں کو مکمل کرلوں ،کیونکہ گیارہ مہینوں میں تو مجھے خارجہ پالیسی سمجھنے میں لگ جائیں گے، پھر 2018کے الیکشن ہوئے تو دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ 75سال بعد آج میرے دل بات اٹھی کہ عدلیہ کا احترام ہے، وہ زمانہ جب سابق چیف جسٹس جو دن رات سوموٹو لیتے تھے، 56کمپنیوں کا سوموٹو لے لو، فلاں فلاں کا سوموٹو لے لو ،فیصلے حق اور سچ کی بنیاد پر کرنے ہوں گے، حکومت جس سے ہم نے قوم کی جان چھڑوائی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی،چین، ترکی، سعودی عرب نے کیا برتاؤ کیا، کہتے امپورٹڈ حکومت ہے، جب ٹرمپ سے مل کر آئے تو یہ کہتے ورلڈ کپ جیت کر آئے ہیں، اب کہتے روس نے سستا تیل دینے کی آفر کی، پاکستان میں تین ملین ٹن گندم قلت ہے، اس کی وجہ بیماری یا کوئی اور وجہ نہیں ہے، بلکہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر حکم دینا ہے۔مجھے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ روس ہمیں گندم دے رہا ہے، میں نے کہا کہ ان سے بات کریں، اس بات کو ڈیڑھ ماہ ہوگئے میں نے ان ممالک کو بھی بتا دیا ہم نے اپنے ملک کا مفاد دیکھنا ہے، ہم جب گندم خرید چکے تو پرسوں آفر آئی ، میں روس کو کہا کہ آپ ہمیں دیں۔ فارن ایجنٹ میں نہیں یہ لوگ ہیں، الیکشن کمشنر کیوں نہیں بتاتا 8سالوں بعد میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا، اسرائیل اور ہندوستان سے پیسا میں نے نہیں عمران خان نے منگوایا ہے، کسی نے سوموٹو نوٹس لیا؟عمران خان چورڈاکو چور ڈاکو کہتا رہا لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں