اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے پنجاب میں گورنر راج نافذ کرنے کی دھمکی کے بعد فواد چوہدری نے بھی وفاقی حکومت گرانے کی دھمکی دے دی۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ردعمل دکھایا تو حکومت نہیں رہے گی،کور کمیٹی آج فیصلہ کرے گی کہ اسلام آباد میں کب تبدیلی لانی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ بونگی نہ ماریں بلکہ گورنر راج کی شق پڑھ لیں۔
قبل ازیں سابق وزیر فواد چوہدری ایوان صدر سے وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری براہ راست نشر نہ کرنے پر برہم ہوگئے۔ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود یہ حرکت کی گئی جسے معاف نہیں کریں گے، پرویزالٰہی تو وزیر اعلیٰ بن گئے مگر ریاست کی ذمے داریوں کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب جیل جا رہی ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ ذلفی بخاری نے کہا کہ آصف زرداری بڑے سیاست دان ہیں یا عمران خان، یہ فیصلہ عوام نے کرلیا ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے دی۔سپریم کورٹ نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا اور گورنر پنجاب کو گزشتہ رات ہی ساڑھے 11 بجے تک ان سے حلف لینے کا حکم دیا تھا تاہم گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے بعد صدر مملکت نے حلف لیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں