لاہور (پی این آئی) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے فارغ ہونے والے حمزہ شہباز کا بھی عدالتی فیصلے پر ردِ عمل آگیا۔اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا، عدالتی کارروائی اور فیصلہ متنازع ہے، ہماری فل کورٹ کی استدعا کو بھی نامنظور کر کے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔
جسٹس منیر اور مولوی مشتاق کی بدروحیں آج بھی عوام کی امنگوں پر ڈاکے ڈال رہی ہیں،بھٹو کو پھانسی دینے والے ججوں نے بعد میں پچھتاوے کا اظہار کیا لیکن ملک کو ہونے والےنقصان کی تلافی نہ ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان نے دیکھا کہ کس طرح غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پہلے دن سے ہمیں جائز حق حکمرانی سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی۔ تمام مشکلات کے باوجود آٹے پر سبسڈی ، مفت ادویات اور روشن گھرانہ، مفت بجلی جیسے پروگرامز سے عوام کو ریلیف دینے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا ، میری سیاست عہدوں کے لئے نہیں عوام کی خدمت کے لئے ہے۔حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ سدا بادشاہی اللہ تعالی کی ہے، نہ کسی کی ہار ہمیشہ کی ہے نہ کسی جیت کو دوام حاصل ہے۔ مشن پاکستان کو بچانا ہے اور میں اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں