ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار نے کہا کہ مجھے خبر ملی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کسی بھی لمحے ملک چھوڑ کر بھاگ رہا ہے اس لیے ملک کے تمام ائیر پورٹس پر ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

 

ایف آئی اے ہائی الرٹ رہے کیوں کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیر آئینی اور غیر اخلاقی فیصلہ دیا ہوا ہے اور اعلیٰ عدلیہ نے اسے ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا کہا ہے ، جس کی وجہ سے کچھ لوگ پاکستان سے بھاگنے کی تیاری کررہے ہیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا گیا ، اس ضمن میں پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے وکیل عرفان قادر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے بینچ کے قیام پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، فل بینچ قائم کیا جانا چاہئے تھا، اس بیچ کے قیام اور اس کی سماعت پر ملک بھر کے کونے کونے سے نظریں لگی ہوئی ہیں، سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ کی کارروائی کا کسی بھی وقت بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے پہلے پارلیمانی سماعت کے بغیر کیسے فیصلہ دیا جاسکتا ہے، کلائنٹ سے مشاورت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم اس بینچ کے قیام پر کافی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

 

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بہت ہوگیا یکطرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی توقع ہم سے نہ رکھی جائے، اگرانصاف کے ایوان بھی دھونس، دھمکی، بدتمیزی اور گالیوں کے دباؤ میں آ کر بار بار ایک ہی بنچ کے ذریعے مخصوص فیصلے کرتے ہیں، اپنے ہی دیے فیصلوں کی نفی کرتے ہیں، سارا وزن ترازو کے ایک ہی پلڑے میں ڈال دیتے ہیں تو ایسے یکطرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی توقع ہم سے نہ رکھی جائے، بہت ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں