لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے کیس میں حکومتی اتحاد نے فل کورٹ سماعت کے لئے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے پر پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا۔
جس کا اعلان حکومتی اتحاد اور پی ڈی ایم قائدین کل صبح مشترکہ پریس کانفرنس میں کریں گے جہاں سے حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم قائدین اکٹھے وکلا کے ہمراہ سپریم کورٹ جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی ، جے یو آئی (ف) قیادت سپریم کورٹ جائے گی اور اس معاملے پر دائر کی جانے والی پٹیشن میں فل کورٹ بنانے اور سپریم کورٹ بار سمیت متعلقہ درخواستوں کی ساتھ سماعت کی استدعا کی جائے گی ، حکومتی اتحاد میں شامل ایم کیوایم ، اے این پی، بی این پی اور بی اے پی سمیت دیگر اتحادی بھی درخواست گزار بنیں گے۔دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 5 سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال سے مشترکہ مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب اور آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی نظر ثانی درخواست فل کورٹ سنے۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار عبدالطیف آفریدی، محمد یاسین آزاد، فضل حق عباسی، کامران مرتضیٰ اور سید قلب حسن کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب اور آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی نظر ثانی درخواست فل کورٹ سنے، نظر ثانی کی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوایا جائے اور اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر یکجا فیصلہ کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں