ن لیگ کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، پنجاب اسمبلی میں ایک اور نشست کم ہو گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کی ایک اور سیٹ کم ہو گئی، سپریم کورٹ نےلیگی ایم پی اے کاشف چوہدری کی نااہلی ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی میں اپنے نمبر کے حوالے سے بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی کاشف چوہدری اپنی نااہلی ختم کروانے میں ناکام ہو گئے۔

 

کاشف چوہدری نے اپنی نااہلی کا فیصلہ ختم کروانے کیلئے سپریم کورٹ سے رابطہ کیا تھا، تاہم ہفتے کے روز اعلٰی عدالت نے بھی لیگی ایم پی اے کی نااہلی ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ن لیگی رکن کاشف چودھری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی، بعد ازاں انہوں نے مخالف فریق عبدالغفور کے ساتھ سمجھوتے پر انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی۔ہائیکورٹ سے انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کے بعد نااہلی کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں میں چیلنج نہیں ہو سکتا، ہائیکورٹ سے انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے پر سپریم کورٹ میں اپیل کا کوئی میرٹ نہیں بنتا، لہذا کاشف چودھری کی ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کی جاتی ہے۔

 

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کاشف چودھری کو جعلی ڈگری ثابت ہونے پر نااہل قرار دیا تھا، الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی تھی کہ کاشف چودھری کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال لیگی ایم پی اے کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close