چوہدری پرویز الٰہی ق لیگ کے متفقہ امیدوار ہیں، مونس الٰہی بھی خط منظر عام پر لے آئے

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کے وزیر اعلیٰ کیلئے متفقہ امیدوار ہیں۔اپنے ایک ٹویٹ میں مونس الہٰی نے ق لیگ کے ارکان کو لکھا گیا خط شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پرویز الہٰی کو متفقہ طور پر وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا۔

مونس الہٰی کی طرف سے شیئر کیے گئے خط میں ق لیگ کے ارکان کو کہا گیا ہے کہ یکم اپریل اور اس کے بعد 21 جولائی کو مسلم لیگ ق کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں چوہدری پرویز الہٰی کو متفقہ طور پر وزیر اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ خط میں ق لیگ کے ارکان کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کیلئے چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ دیں گے اور اگر کوئی رکن ن لیگ کے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرتا ہے تو وہ آرٹیکل 63 اے کے تحت نا اہل تصور ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close