چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف سٹینڈ کیوں لیا؟ تہلکہ خیز وجہ سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور چوہدری شجاعت فاصلے کم کرنا چاہتے تھے لیکن پرویز الہٰی اور شہباز شریف کے اختلافات بہت زیادہ تھے جنہیں آصف زرداری نے ختم کروایا ۔ زرداری نے پرویز الہٰی کو متفقہ امیدوار بنوایا لیکن وہ بنی گالہ پہنچ گئے جس کے بعد چوہدری شجاعت نے سٹینڈ لے لیا۔

 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ ماضی قریب میں ن لیگ کے اندر کے لوگ چاہ رہے تھے کہ ق لیگ کے ساتھ مفاہمت کا راستہ اپنایا جائے، چوہدری شجاعت اور نواز شریف بھی چاہتے تھے کہ فاصلے کم ہوں لیکن پرویز الہٰی اور شہباز شریف کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں ہو رہے تھے۔ ان اختلافات کو آصف زرداری نے تحریک عدم اعتماد کے وقت ختم کرایا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے تجویز دی کہ اگر پنجاب میں پرویز الہیٰ کو وزیر اعلیٰ بنادیا جائے تو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوسکتی ہے، ن لیگ مان نہیں رہی تھی ، اس پر آصف زرداری نے نواز شریف اور پھر چوہدری شجاعت کو منایا۔ چوہدری پرویز الہٰی کو تحفظات تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ انہیں وزیر اعلیٰ کے طور پر تسلیم نہیں کرے گی جس پر زرداری نے شجاعت کو یقین دلایا کہ میں آپ کو یہ کام کرکے دکھاؤں گا۔

 

حامد میر کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی جب متفقہ امیدوار بن گئے تو چوہدری برادران مل کر زرداری ہاؤس گئے اور کہا کہ آپ نے ہمارے خاندان پر بہت بڑا حسان کیا ہے جس کو ہم نہیں بھولیں گے لیکن پھر اس کے بعد پرویز الہٰی بنی گالہ پہنچ گئے۔ شجاعت حسین نے اس دن کے واقعات کے بعد ایک پوزیشن لے لی اور کہا کہ ہم چوہدری پرویز الہٰی کی سیاست کے وارث ہیں جو احسان کرنے والے کا احسان یاد رکھتے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close