وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ، چوہدری پرویز الہٰی سپریم کورٹ پہنچ گئے

لاہور (پی این آئی) پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے ووٹنگ پنجاب اسمبلی ہال میں آج سہ پہر ہو رہی ہے اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی نے اسمبلی ہال میں پولیس سیکیورٹی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ آئی جی پنجاب کو حکم دیا جائے کوئی پولیس والا اسمبلی ہال میں داخل نہ ہو بلکہ سارجنٹس کو اسمبلی ہال کی سیکیورٹی کرنے دی جائے۔ اس درخواست میں چوہدری پرویز الہیٰ نے حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ غیر آئینی اقدامات کر کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ سپریم کورٹ یکم جولائی کو صاف اور شفاف انتخابات کا حکم دے چکی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا درخواست میں موقف ہے کہ شکست نظر آتے ہوئے ن لیگ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، سارجنٹس کی جگہ پولیس کی اسمبلی ہال میں تعیناتی کا غیر قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں آج ہونے والے اجلاس کی سیکیورٹی سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کے مراسلے پر سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو مراسلہ لکھا جس میں انہوں نے سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close