حکومت کی کہانی تو ختم، زرداری کی کوششیں رائیگاں، مونس الٰہی نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت ارکان کولالچ دے یا جو مرضی کریں، ان کی کہانی ختم ہوگئی، ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، کل اپنی تعداد سامنے لے کر آئیں گے۔

 

 

پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مشاورتی اجلاس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، جس ملک اور جس ادارے نے بھی شہبازشریف حکومت کو سپورٹ کیا ان کو بیڑہ غرق ہوا، حکومت ہمارے ارکان کو دھونس دھمکی اور لالچ دینے کی کوشش بھی کرے تو ان کا یہ کام بھی ختم ہوچکا ہے۔ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، کل اپنی تعداد سامنے لے کر آئیں گے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کی قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چودھری پرویزالہٰی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، فرخ حبیب اور راجہ بشارت ، میاں محمود الرشید ، اسلم اقبال و دیگر بھی مشاورت میں شریک ہوئے۔مشاورتی بیٹھک میں دونوں جماعتوں کے اراکین کی حاضری پر اظہار اطمینان کیا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں الیکشن سے پہلے واضح ہو گیا تھا کہ پی ٹی آئی جیت رہی ہے تو الیکشن ملتوی کر دیا، پی ڈی ایم کو ہر محاذ پر شکست ہوئی ہے انشا اللہ کل بھی شکست ہوگی، پنجاب میں جمعہ کو پرویز الہیٰ وزیراعلی پنجاب منتخب ہوں گے، ایک ایک ووٹ پر پہرہ دیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔

 

عمران خان کا کوئی ساتھی بکاو مال نہیں ہے۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن میں پنجاب کے لوگوں نےعمران خان کے موقف کی تائید کی، ضمنی انتخاب میں عام الیکشن سے ٹرن آؤٹ کم نہیں تھا، عمران خان کے کہنے پر ووٹرز گھروں سے نکلے، ضمنی الیکشن میں لیگی امیدواروں نے بے پناہ پیسہ چلایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امید ہے کل کا الیکشن عدالتی ہدایت کے مطابق ہوگا، عدالت نے کہا چیف سیکرٹری، آئی جی رکاوٹ نہیں بنیں گے، رانا ثنااللہ کی سوچ غیرجمہوری ہے، جبکہ آصف زرداری نوٹوں کے تھیلے لے کر لاہور میں موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں