دعا زہرا کو کہاں منتقل کیا جائے؟ سندھ ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

کراچی (پی این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو لاہور سے کراچی منتقل کرنے کا حکم دے دیا ، تفتیشی افسر کو دعا زہرا کو شیلٹرہوم کراچی منتقل کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے لڑکی کے والد مہدی کاظمی اور ملزم ظہیر کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنا دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں کیوں کہ مقدمہ کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے اور دعا زہرا مقدمے کا مرکزی کردار ہے اس لیے اس کی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔

 

 

عدالت نے کہا کہ بظاہر دعا زہرا اپنے شوہر کے ساتھ بھی ناخوش ہے اور ساتھ رہنا نہیں چاہتی جب کہ دعا زہرا والدین سے بھی خوفزدہ ہے اس لیے شیلٹر ہوم میں رہنا مناسب ہے تاہم دعا زہرا کے اغوا سے متعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔گزشتہ روز کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا نے اعتراف کر لیا کہ میرے شوہر کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ، شوہر ظہیر سے تعلقات خوشگوار نہ ہونے کی وجہ سے خاوند سے الگ ہو کر اپنے رشتے دار کے گھر رات گزاری، میرے پاس رہنے کے لیے کوئی چھت نہیں، والدین اور دیگر افراد سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں لہذا اپنی مرضی سے سکیورٹی کے لیے دارالامان جانا چاہتی ہوں۔جس کے بعد لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان حیدر نے پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کو دارالامان بھجوا دیا۔ دوسری جانب دعا زہرا کیس میں عدالت نے پولیس حکام کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ، سٹی کورٹ کراچی میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرا کیس میں تفتیش افسر کی تبدیلی کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست منظورکرتے ہوئے پولیس حکام کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں