لاہور(پی این آئی) لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ممبران کو ووٹ ڈالنے کیلئے تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ ممبران بلا خوف وخطر اپنی مرضی کے مطابق ووٹ ڈال سکیں۔ لاہورہائیکورٹ نے وزیراعلی ٰکے انتخاب کیلئے ممبران اسمبلی کو ہراساں نہ کرنے کے معاملے کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔
جسٹس عالیہ نے پی ٹی آئی ارکان زینب عمیر اور سبطین خان کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا،عدالت نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو ممبران کو تحفظ دینے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ ممبران کو مرضی کے مطابق بلاخوف وخطر ووٹ ڈالنے دیا جائے، سرکاری وکیل عدالتی حکم سے متعلق فریقین کو آگاہ کر کے عمل درآمد یقینی بنائیں۔دوسری جانب وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کل کا الیکشن عدالتی ہدایت کے مطابق ہوگا، عدالت نے کہا چیف سیکرٹری، آئی جی رکاوٹ نہیں بنیں گے، رانا ثنااللہ کی سوچ غیرجمہوری ہے، جبکہ آصف زرداری نوٹوں کے تھیلے لے کر لاہور میں موجود ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن میں پنجاب کے لوگوں نےعمران خان کے موقف کی تائید کی، ضمنی انتخاب میں عام الیکشن سے ٹرن آؤٹ کم نہیں تھا، عمران خان کے کہنے پر ووٹرز گھروں سے نکلے، ضمنی الیکشن میں لیگی امیدواروں نے بے پناہ پیسہ چلایا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے سلسلے میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کی قیادت کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چودھری پرویزالہٰی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، فرخ حبیب اور راجہ بشارت ، میاں محمود الرشید ، اسلم اقبال و دیگر بھی مشاورت میں شریک ہوئے۔مشاورتی بیٹھک میں دونوں جماعتوں کے اراکین کی حاضری پر اظہار اطمینان کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں الیکشن سے پہلے واضح ہو گیا تھا کہ پی ٹی آئی جیت رہی ہے تو الیکشن ملتوی کر دیا، پی ڈی ایم کو ہر محاذ پر شکست ہوئی ہے انشا اللہ کل بھی شکست ہوگی، پنجاب میں جمعہ کو پرویز الہیٰ وزیراعلی پنجاب منتخب ہوں گے، ایک ایک ووٹ پر پہرہ دیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے، عمران خان کا کوئی ساتھی بکاو مال نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں