پی ٹی آئی رکن اسمبلی کو 40کروڑ روپے دے کر ترکی بھجوا دیا گیا، فواد چوہدری کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنی ہی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود مجید پر 40 کروڑ روپے لیکر ملک سے چلے جانے کا الزام عائد کردیا۔ان کا کہنا تھاکہ پنجاب میں ایک انتخاب پراثر انداز ہونے کے لیے شیطانی کھیل شروع کیا گیا ہے ، ملک کا وزیرداخلہ کہہ رہا ہے کہ 5، 6 ارکان ادھر ادھر ہوسکتے ہیں، پنڈی کی نشست پر ری کاؤنٹنگ کا آرڈر دیاگیا ہے۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ رحیم یار خان سے ہمارے ایم پی اے مسعود مجید مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے لے چکے ہیں اور ترکی پہنچ چکے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ عطا تارڑ نے ہمارے ایم پی اے سے رابطہ کیا ہے، اندازہ لگائیں کہ 35 ،35 کروڑ روپے ایم پی اے کو دے رہے ہیں، اگر اس طرح سے ارکان کو خریدا جاتا رہا تو پاکستان میں جمہوریت کا کوئی مستقبل نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو دبئی تو کسی کو ترکی میں ہوٹل بک کرکے دے رہے ہیں، زرداری اینڈ کمپنی ہر حالت میں حکومت سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، ہر ٹھیکیدار آصف زرداری اینڈ کمپنی کو پیسے دے رہا ہے۔فواد چوہدی کا کہنا تھاکہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ اور ان کے 12 اتحادیوں کی شکست فاش ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں