تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں واپسی کا امکان مسترد کر دیا

ملتان (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اورسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فوری نئے عام انتخابات کے مطالبے پر قائم ہے،قومی اسمبلی میں واپس آنے کے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں،واپس آنا بے معنی ہوگا،پنجاب کے ضمنی انتخابات میں عوام نے عمران خان کے بیانیے پر مہر لگا دی ہے،کرپشن کیخلاف آواز اٹھانا صرف عمران خان کی نہیں پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔

منگل کو رہنما پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف فوری نئے عام انتخابات کے مطالبے پر قائم ہے اور اسمبلی میں واپس آنے سے متعلق پارٹی میں بھی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے، ہمارا قومی اسمبلی میں واپس آنا بے معنی ہوگا، موجودہ صورتحال میں تحریک انصاف قومی اسمبلی آنے کو تیار نہیں ہے۔ کرپٹ عناصر چور دروازے سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں، عوام کے پیسے کی حفاظت کے لیے پی ٹی آئی نے کبھی کوئی کمپرومائز نہیں کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تیسری دنیا میں غربت کی وجہ حکمرانوں کی چوری ہے،حکمران اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے قومی خزانہ خالی کر دیتے ہیں، تحریک انصاف نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، عدالت نے نوٹس جاری کر دیا ہے، اگلے جمعہ کو یہ کیس دوبارہ سنا جائے گا۔ نیب ترامیم حکمرانوں کی اپنے کیسز سے جان چھڑانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں عوام نے عمران خان کے بیانیے پر مہر لگا دی ہے، کرپشن کیخلاف آواز اٹھانا صرف عمران خان کی نہیں پوری قوم کی ذمہ داری ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close