صادق آباد(آئی این پی)صادق آباد کی دریا ئی یونین کونسل ماچھکہ کے قریب باراتیوں کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ڈوب گئے تاہم تلاش کے دوران 19 افراد کی نعشیں نکال لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کا افسوسناک حادثہ تحصیل صادق آباد کی یونین کونسل ماچھکہ میں پیش آیا،حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی روجھان کی دریائی یونین کونسل کھروڑسے تحصیل صادق آبادکی دریائی یونین کونسل ماچھکہ آ رہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ کی شکار کشتی میں 100سے زائد افراد سوار تھے،حادثہ کی اطلاع ملتے ہیں ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی،اسسٹنٹ کمشنر صادق آبا دنے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سید موسی ٰرضا کی ہدایت پر ضلع بھر کے غوطہ خور جائے حادثہ پر پہنچا دیئے گئے ہیں اور 19نعشیں نکال لی گئیں ،اب تک جتنی بھی نعشیں ملیں ہیں وہ سب خواتین کی تھیںجب کہ دریائے سندھ میں حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی سے 90 سے زائدافراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے 30تا35ریسکیو1122کے غوطہ خور دریائے سندھ میں حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے سوار وں کو تلاش کر رہے ہیں مقامی غوطہ خور بھی ریسکیو سرگرمیوں میں امدادی ٹیموں کے ساتھ موجود ہیں۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹس میں کہاہے کہ میںرحیم یار خان کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کے حادثے کے نتیجے میں 19 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں