کراچی (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ صورتحال میں اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑا رہنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مبینہ طور پربے بنیاد الزامات لگانے اور منفی مہم چلانے پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہائبرڈ اجلاس پی پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت بلاول ہاوس کراچی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز، ملکی معیشت اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی یہ تاریخ ہے کہ اس نے مشکل حالات میں کبھی اپنے اتحادیوں کو اکیلا نہیں چھوڑا۔ پی پی پی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور مشکل حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا ایک اجلاس کل لاہور میں ہوگا، جس میں پی پی پی قیادت بھی شریک ہوگی۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں مزید انتخابی اصلاحات اور آئین میں ترامیم کے لیے پارلیمنٹ اپنا وقت پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب میں حالیہ ضمنی انتخابات کے لیے انتخابی مہم دوران الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے کی کوشش کی، اس لیے وہ اب الیکشن کمیشن اور قوم سے معافی مانگے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج عمران خان کے بیانئے کے خلاف ثابت ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن غیرجانبدار تھا۔ عمران خان حالیہ ضمنی انتخابات جیت کر بھی ہار گیا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان فوری طور مسٹر ایکس اور مسٹر وائی سے بھی معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ پی ٹی آئی چیئرمین ان کے خلاف یہ کہتے رہے کہ وہ انہیں ضمنی انتخابات میں جیتنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ساتھ جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ بنا ہوا ہے۔ سیاست میں آنے سے لے کر آج تک عمران خان مسلسل جھوٹ بولتا رہا ہے، اور اس کے جھوٹ ہیں جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہمیشہ یہ مطالبہ رہا ہے کہ اسٹیبلشمینٹ نیوٹرل رہے، اور ہم سمجھتے ہیں کہ اب اسٹیبلشمینٹ نیوٹرل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمینٹ، ریاستی اداروں اور مخالفین کے خلاف جو بھی دعوے کیے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ وہ سب جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے، جس نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت شرائط پر معاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ “مسٹر جھوٹے” نے ہی آئی ایم ایف کو معاہدے پرعمل کی یقین دہانی کرائی تھی، اور عمران کی ان غلط پالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار اگر کسی حکمران کو آئینی طور پر اقتدار سے نکالا گیا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا ساڑھے تین سالہ اقتدار غیر آئینی تھا، اس کے پاس بجٹ کا بل پاس کرانے کے لیے بھی اکثریت نہیں ہوتی تھی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر وقت عام انتخابات کے لیے تیار ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں