ضمنی انتخابات میں شکست، جاوید لطیف اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

لاہور (پی این آئی ) مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا ضمنی الیکشن میں بیشتر نشستوں پر شکست کے بعد بیان سامنے آ گیاہے جس میں ان کا کہناتھا کہ ہم نے سیاست قربان کر کے ریاست بچانے کا فیصلہ کیا،( ن) لیگ ضمنی الیکشن کے نتائج تسلیم کرتی ہے ، ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق جماعت کے پلیٹ فارم پر بات کریں گے ۔

 

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہناتھاکہ ہم ریاستی اداروں کی غلطیوں کا ملبہ اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہیں، ہم ماضی میں تمام کے تمام ضمنی الیکشن جیتے تھے ، کل کے انتخاب میں لوگ ہم سے 3 ماہ کی کارکردگی کا پوچھتے رہے ، لوگوں کا سوال تھا کہ فرح بی بی اور پیرنی بی بی اور بنی گالہ سے متعلق ہم نے کیا کیا ، لوگ پوچھتے ہیں حکومت میں ہونے کے باوجود ہم نے کیا کیا ؟ انہوں نے کہا کہ لوگ سوال کرتے تھے کہ ہم نے3 ماہ کی حکومت میں ان کے دکھوں کا کیا مداوا کیا ، حکومت ہار گئی لیکن نوازشریف کا نظریہ جیت گیا ، جماعتوں کے لوگ کمپرومائز کریں گے تو یہی نتیجہ آئے گا ، لوگوں نے ہمیں معاشی استحکام لانے کا مینڈیٹ دیا تھا ، لوگوں نے ہمیں عمران خان حکومت پر پردہ ڈالنے کا مینڈیٹ نہیں دیا تھا ، کل کے ضمنی الیکشن کے نتائج لوگوں کا رد عمل ہے ، پسند یا ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کیئے جائیں گے تو یہی کچھ ہو گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں