لاہور(پی این آئی) پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کی تحریک انصاف کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے الیکشن جیتنے پر پی ٹی آئی کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کامیابی ایک سرپرائز ہے۔انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مشورہ دیا کہ اب ایکس اور وائے کی باتیں ختم ہونی چاہئیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا تو ایک سیکنڈ بھی نہیں لگاؤں گا۔ میں مشورہ ضرور دوں گا لیکن فیصلہ عمران خان کا ہو گا۔انہو ںنے کہا کہ عمران خان نے جو حکمت عملی بنائی وہ کمال بنائی۔انہوں نے کہا کہ میں مونس الٰہی کو کریڈٹ دوں گا کہ انہوں نے مجھے پکڑ کر رکھا اور کہا کہ ہلنا نہیں ہے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے شکست تسلیم کرنے پر ملک احمد خان اور مریم نواز کی تعریف کی ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کی ضرورت ہے۔ بڑی سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ کرنے کی بجائے بیٹھ کر آئندہ کیلئے فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بغیر مسائل کا حل نہیں نکل سکتا۔اگلے الیکشن میں کیسے جانا ہے بڑی جماعتوں کوفیصلہ کرنا ہو گا۔تمام سیاسی جماعتوں کو پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحران سے نکلنا ہو گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اس وقت پنجاب ضمنی انتخابات میں 18نشستوں پر آگے ہے۔
پنجاب ضمنی انتخابات کے 40فیصد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج وصول ہو چکے ہیں۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نےضمنی انتخابات میں17نشستوں پر برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن 2نشستوں پر آگے ہے۔اسی طرح آزاد امیدوار کو 1نشست پر برتری حاصل ہے۔یاد رہے پنجاب کے 20 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ پنجاب میں پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، پی پی 97 فیصل آباد، پی پی 125 جھنگ، پی پی127 جھنگ، پی پی 140 شیخوپورہ، پی پی 158 لاہور، پی پی 167 لاہور، پی پی168 لاہور، پی پی 170 لاہور، پی پی202 ساہیوال، پی پی217 ملتان، پی پی224 لودھراں، پی پی228 لودھراں، پی پی237 بہاولنگر، پی پی 272 مظفر گڑھ، پی پی282 لیہ اور پی پی 288 ڈیرہ غازی خان میں ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ ہوئی۔20 حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 3,131 ہے جن میں 676 انتہائی حساس، 1194 حساس اور 1271 نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں. بیس نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار آٹھ سو اٹھانوے ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 14 اضلاع میں 20 ضمنی انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار898 ووٹرز ہیں، 20 حلقوں میں21 لاکھ 19 ہزار 692 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، 20 حلقوں میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد ووٹرز ہیں، لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کل7 لاکھ 20 ہزار، 997 ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں