بڑا جھٹکا، ن لیگ کے ایم پی اے جلیل شرقپوری ایک بار پھر پارٹی تبدیل کر گئے

لاہور (پی این آئی) پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے رکن جلیل شرقپوری نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جلیل شرقپوری نے اسپیکر پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ شہباز شریف جس طرح اشتہاریوں کے ساتھ چل رہے ہیں، میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے ساتھ پہلے بھی تھا اور اب بھی ان کے ساتھ چلوں گا۔ جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ حلقے کے کارکنوں سے مشورے کے بعد ضمنی الیکشن سے پہلے استعفیٰ دینے آیا ہوں، آج ایک سوچ اور نظریے کے تحت استعفیٰ دیا ہے۔ چند ہفتے قبل عثمان بزدار کی حمایت چھوڑ کر ن لیگ کی حمایت کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا کہ عمران خان کے نظریے اور فلاسفی کو پسند کرتے ہیں اسی لیے ان کے ساتھ ہیں، محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں۔ یہ بات اہم ہے کہ نارووال سے ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی غیاث الدین نے بھی چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں