اسٹیبلشمنٹ الیکشن سے دور رہے، شیخ رشید نے بھی آنکھیں دکھادیں

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ الیکشن سے دور رہے، قوم کسی قسم کی دھاندلی اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کرے گی، الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کو ثابت کرنا ہے کہ وہ غیرجانبدار ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پنجاب ضمنی الیکشن سے قبل اہم ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔

 

ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اٹک کی عدالت نے 8 تاریخ دی ہے، اتنے جھوٹے کیس بنائے گئے ہیں کہ ہر روز ایک عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے، مجھے کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں آج اسٹیبلشمنٹ سے بہت اہم بات کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سترہ جولائی کا دن انتہائی اہم ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسا الیکشن میں نے کبھی نہیں دیکھا، میں اسٹیبلشمنٹ سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ الیکشن سے دور رہے، قوم کسی قسم کی دھاندلی اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کرے گی۔سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کہنا تھا کہ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کو ثابت کرنا ہے کہ وہ غیرجانبدار ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 عمران خان پر لگانے کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں، یہ آرٹیکل 6 کے حوالے سے سپریم کورٹ کا اضافی نوٹ ہے، کوئی فیصلہ نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس عقل کی کمی ہے ، جو 2، 2 ووٹوں اور ایک، ایک ووٹ سے قوم پر مسلط کیے گئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر قوم عمران خان کو ووٹ دیتی ہے تو ان کا راستہ نہ روکا جائے، اگر ان کا راستہ روکا گیا تو اس ملک میں ایک ایسی آگ پھیلے گی جو سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیگی۔انہوں نے کہا کہ سترہ جولائی کا دن پاکستان کے سیاسی استحکام کے امتحان کا دن ہے، اس میں عوام کو فیصلہ کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے، کسی اور کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں