حکومت نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن دبا لیا، وجہ کیا بنی؟تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اب تک بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، جو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی شرط ہے۔ روزنامہ جنگ میں مہتاب حیدر کی شائع خبر کے مطابق کل ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ قیمتیں بڑھانے سے گریز کیا جائے۔ جمعہ کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں بھی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پیش نہیں کیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف سلیبز کیلئے ا لجملہ گیس کی قیمتوں میں 43؍ سے 353؍ فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی۔ تاہم، اس معاملے پر جب وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب سے رابطہ کیا گیا کہ آیا وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے تو انہوں نے کہا ’’نہیں۔‘‘ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دی نیوز کو بتایا کہ انہوں نے سمری واپس وزارت پٹرولیم کو بھیج دی ہے تاکہ اس میں کچھ شعبہ جات کیلئے تبدیلی کی جائے،

اسی لیے کچھ حساب میں تبدیلی آئی جس کے باعث نئے حسابات کیلئے سمری واپس بھیج دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے جمعہ کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ نہیں اٹھایا۔ اب اوگرا کے ترمیم شدہ ایکٹ کے تحت 40؍ روز تک ٹیرف پر فیصلہ نہ ہوا تو یہ فیصلہ از خود نافذ العمل ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close