پنجاب ضمنی انتخابات، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کر دیں

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی جانے والی تین درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ پی ٹی آئی نے حلقے سے باہر کے لوگوں کو پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست کی تھی، پی ٹی آئی کی دوسری درخواست ووٹر فہرستوں سے متعلق تھی جبکہ تیسری درخواست تبادلوں اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تھی۔ الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کی تنیوں درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ ایجنٹ کی تعیناتی کا مقصد ہے کہ وہ حلقے کے ووٹرز کی شناخت کرے،

پولنگ ایجنٹ کا حق ہے کہ وہ ووٹر کی شناخت پر اعتراض کرکے اسے چیلنج کرے، دوسرے حلقوں، صوبوں یا اضلاع سے پولنگ ایجنٹ لانے سے پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، پولنگ ایجنٹ دوسرے حلقوں سے ہونے کے باعث ووٹر کی شناخت کا مسئلہ پیدا ہو گا۔ اس حوالے سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام آر او اور پریذائیڈنگ افسران یقینی بنائیں کہ پولنگ ایجنٹ متعلقہ حلقے کا ووٹر ہو۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کسی مخصوص ترقیاتی اسکیم کی نشاندہی نہیں کی،

مخصوص ترقیاتی اسکیم کی نشاندہی پر مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی ٹرانفسر پوسٹنگ کے حوالے سے پابندی عائد کر چکا ہے، اگر صوبائی حکومت نے ٹرانسفر پر کوئی احکامات دیے تو فوری واپس کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے کہا کہ ووٹر فہرستوں میں تضاد ہیں، ڈائریکٹر ایم آئی ایس نے بتایا کہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹر فہرستیں منجمد ہیں، درخواست گزار کی درخواست کا جواز نہیں رہتا، صوبے میں الیکشن کے لیے 20 مئی سے پہلے کی ووٹر فہرست استعمال ہوگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں