وہ وقت دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی اور خوشحال مملکت بنے گا، سراج الحق نے پیشنگوئی کر دی

ہری پور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت اور کفالت معاشرہ میں حقیقی تبدیلی و انقلاب کا باعث بنے گی،ہماری حکومتیں صرف ٹیکس جمع کرکے آئی ایم ایف کو پہنچانا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ملک میں ایسی حکومت قائم ہو جو لاوارث کی وارث بنے،بے گھر کو چھت دے بے روزگار کو روزگار دے، تعلیم و صحت کی سہولیات ہر شہری کو ملیں،کرپشن و حرام خوری کے راستے بند ہوں، زنا کی بجائے نکاح آسان ہو جائے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب ہر سو اجالا ہو گا روشنی پھیلے گی اور وطن عزیز حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی اور خوشحال مملکت بنے گا۔

وہ گزشتہ روز کھلابٹ ٹاؤن شپ ہری پور میں آغوش سنٹر کی افتتاح تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں الخدمت فانڈیشن کے پی کے صدر خالد وقاص صوبائی قیم عبدالباسط جماعت اسلامی ضلع ہری پور کے صدر غزن اقبال خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر آغوش سنٹر میں زیر تعلیم طلبا کو مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے تقریب میں لایا گیا سراج الحق نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ حکمرانوں امرا اور چوہدریوں کے ساتھ وقت گزارنا سعادت سمجھتے ہیں اور ہمیں ان بچوں کے ساتھ دن گزار کر دلی خوشی اور سکون ملا ہے یہی وہ لمحے تھے جو اللہ اور اللہ کے رسول کی محبت میں گزرے ہیں اس کا اجر ہمیں روز قیامت ملے گا اللہ معاشرے کے کمزور عاجز اور مظلوم لوگوں کے ساتھ ہے ایک صحابی نے نبی رحمت سے سوال کیا کہ روز قیامت آپ کہاں ملیں گے نبی نے فرمایا مجھے فقیروں کی صف میں تلاش کرنا۔ انھوں نے الخدمت فانڈیشن کے ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بیس بڑے اور خیبر پختونخوا میں سات آغوش سنٹر کام کر رہے ہیں جہاں نہ صرف بچوں کو گھر کی طرح ہر سہولت میسر ہے بلکہ دینی و عصری تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت کے ذریعے ملک و قوم کے لیے بہترین قیادت تیار کی جارہی ہے اور ان اداروں سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز و انجینئرز اپنے اپنے شعبوں میں بے مثال اور قابل تقلید کارکردگی کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت اور قوم کی کردار سازی اور تعمیر اخلاق کا فریضہ بھی نبھا رہے ہیں اور یہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا رستہ ہے اور یہی سوچ پورے معاشرتی نظام کی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی یہ وقتی نہیں طویل المیعاد منصوبہ ہے جس طرح آپ لوگوں کے بھرپور تعاون سے آغوش سنٹر کی صورت میں عظیم الشان عمارت آج ہمارے سامنے موجود ہے ابھی مزید کچھ وقت بچوں کی کفالت کے لیے اسی طرح کے تعاون کی ضرورت ہے ان بچوں کے سر پر ہاتھ رکھنا نبی کی شفاعت کا ذریعہ بنے گا۔سراج الحق نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ یہ کام حکومت کے کرنے کے ہیں لیکن ہماری حکومتیں صرف ٹیکس جمع کرکے آئی ایم ایف کو پہنچانا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ملک میں ایسی حکومت قائم ہو جو لاوارث کی وارث بنے بے گھر کو چھت دے بے روزگار کو روزگار دے تعلیم و صحت کی سہولیات ہر شہری کو ملیں کرپشن و حرام خوری کے رستے بند ہوں زنا کی بجائے نکاح آسان ہو جائے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب ہر سو اجالا ہو گا روشنی پھیلے گی اور وطن عزیز حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی اور خوشحال مملکت بنے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close