پیٹرول کی قیمت میں پھر 50روپے فی لیٹر اضافہ ہو گا، بُری خبر سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن کے بعد قیمتیں دوبارہ 50 روپے بڑھا دیں گے۔سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وزیر اعظم کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے منتیں کیں کہ ابھی پٹرول سستا کرنے دیں، الیکشن گزرنے کے بعد یہ قیمتیں دوبارہ 50 روپے بڑھا دیں گے۔

 

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں تیل 113 ڈالر کا تھا تو ہم نے پٹرول 150 پر رکھا، اب جب عالمی مارکیٹ میں تیل 94 ڈالر کا ہے تو یہاں پٹرول کی قیمت 230 روپے ہے۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت 100 روپے بڑھا کر 18 روپے کم کر دی اور ڈیزل پر 130 روپے بڑھا کر 40 روپے کم کر دیے، یہ حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے؟۔تیل کی قیمت اس وقت سے بھی کم ہے جو ہم چھوڑ کر گئے تھے، یہ پہلی تاریخ کو پھر 10 روپے قیمت بڑھا دیں گے، الیکشن نہ ہو رہا ہوتا تو یہ پیسے بھی عوام کو واپس نہ کرتے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی میڈیا پر نشر کیے گئے قوم سے خطاب میں پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا اعلان کیا۔ وزارت خزانہ وزیر اعظم کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

 

جس کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے علاوہ مٹی کا تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل بھی سستا کر دیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول 18 روپے 50 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 40 روپے 54 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 37 روپے 71 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 33 روپے 81 پیسے سستا کر دیا گیا۔ قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 230.24 روپے، ڈیزل کی قیمت 236 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت 196.45 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 191.44 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں