تیل کی قیمتوں میں کمی، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اچھی خبر سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کوشش ہے تیل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کل سے ہوجائے،تیل کی قیمتوں میں کمی کا تعلق الیکشن سے نہیں عالمی مارکیٹ سے ہے ،عالمی مارکیٹ میں مزید قیمتیں کم ہوں گی تو عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔

 

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان میں بھی پیٹرول ، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل میں کمی آئے گی،ہماری کوشش ہے تیل کی قیمتوں میں کمی کا اطلا ق کل سے ہوجائے، قیمتوں میں کمی کی سمری میرے پاس آگئی ہے میں وزیراعظم کو بھجوا دوں گا، قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے اس کا تعلق انتخابات سے نہیں ہے، عالمی مارکیٹ میں مزید قیمتیں کم ہوں گی تو عوام کو مزید ریلیف دیں گے، مخلوط حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے ان کو پورا کریں گے، حفیظ شیخ اور شوکت ترین نے جو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیے، وعدہ ہے عمران خان اور شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے جس ٹیکس لگانے کا وعدہ کیا اس سے کم ٹیکس لگائیں گے ، پیٹرولیم پرجو لیوی یکم جولائی کو لگائی تھی وہی رہے گی، سری لنکا نے جب مشکل فیصلے کرنے تھے نہیں کیے اس لیے وہاں یہ حالات ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے کیے ، سپر ٹیکس لگایا، دکانداروں پر ٹیکس لگایا، پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، آئی ایم ایف اور دنیا کو نظرآرہا ہے ٹیم اہل ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف اپنے اندرونی پراسس میں گزر رہا ہے، اب اگلی پیشرفت آئی ایم ایف کی جانب سے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہماری طرف سے ساری بات ہوگئی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مزید کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ، آئی ایم ایف کی طرف سے جلد مثبت بیان آجائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close