لندن(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کی افواہوں پر سابق وزیرخزانہ اور لیگی رہنماء اسحاق ڈار کا موقف بھی آگیا اور انہوں نے ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کا نعرہ دہرایا۔ٹوئٹر پر اسحاق ڈار نے لکھا کہ ” مسلم لیگ ن میں تقسیم کی باتیں بالکل بے بنیاد ہیں۔ ہماری جماعت پہلے بھی میاں نواز شریف کی قیادت اور میاں شہباز شریف کی صدارت میں متحد تھی اور آگے بھی ہمیشہ متحد رہے گی ان شاءاللہ۔
موجودہ اقتصادی ٹیم پر حکومت کی تشکیل کے صرف 3 ماہ بعد تنقید کرنے والے یہ مت بھولیں کہ عمران خان کی نا اہل حکومت معیشت کو تباہ کرکے ملک کو کن مشکل چیلنجز میں جھونک کرگئی”۔ان کاکہناتھاکہ” نواز شریف کی وزارت عظمی میں مہنگائی %4 (کھانے کی اشیاء %2) جی ڈی پی %6،شرح سود %5.25،جنوبی ایشیاء کی مستحکم ترین کرنسی اور سب سے بہترین کارکردگی والا اسٹاک ایکسچینج۔اس سب کی بنیاد پر پاکستان کو مستقبل کی 18ویں بڑی معیشت کا عندیہ ملا”۔ انہوں نے مزید لکھا کہ “ان تمام کامیابیوں کو عمران خان نے 43 مہینوں میں نیست و نابود کر دیا۔ مگر قوم یقین رکھے کہ جیسے مسلم لیگ (ن) نے پہلے ملک کو مشکل ترین حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس بار بھی ان شاءاللہ قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔پاکستان زندہ باد”۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں