دوران عید الاضحیٰ طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کیلئے آگاہی مہم

اسلام آباد (پی این آئی) عید الاضحیٰ کے دوران طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن کی کوششیں جاری ہیں۔اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں عوام کا شعور اجاگر کرنے کیلئے مہم چلائی گئی۔ ائیرپورٹس کے اطراف پرندوں کی تعداد کو بڑھنے سے روکنے کیلئے لمز کے طلبہ کے ساتھ مل کر ایک رسپانس ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔اسلام آباد اور فیصل آباد کے قریبی گاؤں کے رہائشیوں اور مسافروں میں اس حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔

علاقہ مکینوں سے درخواست کی گئی کہ عید کے دوران جانوروں کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔فلائنگ کلب کے ساتھ مل کر عید کے دوران بھی فضا سے صفائی کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔آگاہی مہم کی ٹیموں نے قریبی مساجد اور گھروں میں جاکر علاقے کی صفائی اور فضائی حدود کو محفوظ رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کوششیں ائیرپورٹس کے ارد گرد علاقوں کو صاف رکھنے اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے میں مؤثر ثابت ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close