لاہور(پی این آئی ) سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق )کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابا ت میں تمام 20 نشستیں جیت کر پاکستان مسلم لیگ (ن )سے اپنا مینڈیٹ واپس لیں گے۔مقامی اخبار “روزنامہ جنگ “کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منحرف ارکان اپنے حلقوں میں بے بس اور لاچار نظر آتے ہیں، عوام نے منحرف ارکان کو رد کر دیا ہے ،منحرف ارکان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )نے پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنا چھینا ہوا مینڈیٹ واپس لیں گے۔رپورٹ کے مطابق چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز سپریم کورٹ میں دئیے گئے حلف سے مکر گئے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ تقرر و تبادلے اور ترقیاتی کاموں کی مد میں جاری کیے جانے والے فنڈز کا بھی نوٹس لے جیسے الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے روشن گھر اسکیم بند کروائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق( ن) لیگ کے امیدواروں کے دفاتر کے باہر یوٹیلیٹی سٹور زکے ٹرک ووٹروں میں سامان تقسیم کر رہے ہیں جو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں