22جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کا دعویٰ کر دیا گیا

فیصل آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ 22 جولائی کو حمزہ کی حکومت پنجاب سے ختم ہو جائیگی، پنجاب میں حکومت بنا کر پھر عام انتخابات کی جانب بڑھیں گے، عام آدمی کیلئے پٹرول250 روپے لیٹر ہے جبکہ سرکاری گاڑیوں پر فری پٹرول کیساتھ انتخابی مہم چلائی جارہی ہے، الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے لیکن پھر بھی ہم جیتیں گے۔

جمعہ کو فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت خوداری، قومی اتحاد، سالمیت، عالمی دبا کے آگے کھڑے ہونے کا کوئی استعارہ ہے تو وہ صرف عمران خان ہے۔ اس لیے الحمداللہ آج سارا پاکستان عمران خان کے پیچھے کھڑا ہے۔ انشااللہ! ہم 22 جولائی کو پنجاب میں حکومت بنائیں گے، پھر عام انتخابات کیلئے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کیلئے پٹرول 250 روپے لیٹر جبکہ امپورٹڈ حکومت کے وزرا سرکاری گاڑیوں پر فری پٹرول کیساتھ کمپین کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے لیکن پھر بھی ہم جیتیں گے، فیصل آباد میں تو مقابلہ یکطرفہ ہے۔انشااللہ! 22 جولائی کو ان کی حکومت پنجاب سے ختم ہو جائے گی۔ فواد چودھری نے کہا کہ انتظامیہ، الیکشن کمیشن کی ہر مخالفت کے باوجود تحریک انصاف پنجاب کی 20 سیٹیں بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ کل چیف الیکشن کمشنر کی بیوی کو پرائز پوسٹنگ دی گئی۔ کہتے ہیں “بندہ آکھاں چوں لون پان” واسطے ہی خیال کرتا لیکن چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ کیا ذرا شرم، حیا نہیں رکھنی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے ملک کوشدید نقصان پہنچا، حکومت نے پہلے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، گیس کی قیمت میں 325 فیصد اضافہ ہونے جا رہی ہے، ان کے وزرا سرکاری تیل پر الیکشن کمپین چلا رہے ہیں، ن لیگ ضمنی انتخابات میں ریاستی مشینری کا استعمال کر رہی ہے، یہ لوگ ابھی تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں کرسکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں