اسلام آباد(پی این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق و قواعدوضوابط نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس داخل ہونے کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان اورسابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کو طلب کر لیا۔ قائمہ کمیٹی کی طرف سے آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایس ایس پی اسلام آباد کو بھی متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم، سابق وزیرداخلہ، سابق آئی جی اسلام آبادمحمد احسن یونس اور ایس ایس پی اسلام آباد کو استحقاق کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون کی طرف سے طلب کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پولیس کی طرف سے پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی کے فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ اس چھاپے کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی گئی ہے، جس پر کارروائی کے لیے مذکورہ لوگوں کو طلب کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں