خوشاب (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو ایک ایسا عہدہ دے کر نوازا گیا ہے جس میں بہت پیسہ کمایا جاسکتا ہے، لاہور میں بیٹھے ایک شخص کا مشن ہے کہ کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوادے لیکن وہ جو مرضی کرلے خود ہی ذلیل ہوگا۔
خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے تمام تر دھاندلی کے باوجود ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی ہے، نامعلوم ٹیلی فون نمبروں سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لاہور میں بیٹھے ایک آدمی کا مشن ہے کہ کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دے،لاہور والے کو بتا رہا ہوں جو مرضی ہے کر لو تم صرف خود کو ذلیل کرو گے لوگ تمہیں برا بھلا کہیں گے، تم جتنی مرضی دھاندلی کرا لو، دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن کے نتائج آئے تو حمزہ شہباز واپس چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی ان سے ملا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کو بڑا عہدہ دے کر نوازا گیا ہے، انہیں ایک ایسا عہدہ دیا گیا ہے جس میں بہت پیسہ بن سکتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر بٹھا کر 22 کروڑ عوام کی توہین کی گئی، جوتے پالش کرنے والے ایک شخص کو حکومت کا سربراہ بنا دیا گیا، مغربی ممالک میں ایسے شخص کو چپڑاسی کی نوکری بھی نہیں دی جاتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں