رانا ثنا اللہ نے کونسی خطرناک دھمکی دی تھی کہ عمران خان کو لانگ مارچ ختم کرکے پشاور یوٹرن مارنا پڑا تھا؟ سینئر صحافی حامد میر کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی دھمکی کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ ختم کرتے ہوئے پشاور کی طرف یوٹرن مارا تھا، انہیں کسی کا کوئی میسج نہیں گیا تھا۔عمران خان سے کسی نے کہا تھا کہ اگر آپ کہیں تو ہم ٹینکوں کے نیچے لیٹ جائیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ ابھی ٹینکوں کے نیچے لیٹنے کا وقت نہیں آیا۔

 

عمران خان نے 26 مئی کو دیکھ لیا تھا کہ کتنے لوگ ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے جب پشاور کی طرف یوٹرن مارا تو ان کے ساتھ صرف آٹھ سے 10 ہزار لوگ موجود تھے۔حامد میر کے مطابق رانا ثناء اللہ نے صبح ساڑھے چھ سے پونے سات بجے کے قریب عمران خان کے ساتھ کنٹینر پر موجود ایک سابق وزیر کے ذریعے پیغام بھیجا اور کہا کہ پہلے میرے پاس شیل نہیں تھے لیکن اب ڈیڑھ ہزار شیل آگئے ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار شیل تمہارے مجمعے کیلئے ہیں جب کہ 500 شیل تیرے کنٹینر کیلئے ہیں۔حامد میر کے مطابق میسج دیا گیا تو انہیں سمجھ آگئی کہ اب رانا ثناء اللہ اپنی آئی پر آگیا ہے اور اگر ہم ڈی چوک کی طرف گئے تو 500 شیل ہمارے کنٹینر پر گرے گا اور سانس لینا مشکل ہوجائے گا، پھر انہوں نے گاڑی گھمائی اور واپس چلے گئے، دنیا بھلے جو مرضی کہتی رہے کہ میسج آگیا تھا، یہ ہوگیا تھا وہ ہوگیا تھا، کچھ بھی نہیں ہوا تھا، وہ 500 شیل کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو ان کے چاہنے والے کیا ٹینکوں کے سامنے لیٹیں گے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں