امیروں کے لیے گیس مہنگی کرنے کی تجویز، غریبوں کو سستی گیس کیسے ملے گی؟

اسلام آباد (پی این آئی) ایک طرف بجلی گیس اور پٹرول کی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہماری تجویز ہے امیروں کے لیے گیس مہنگی کی جائے، امیر سستی گیس استعمال کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ غریب عوام پانچ گنا مہنگی ایل پی جی استعمال کرتے ہیں، پیٹرولیم ڈویژن کی کوشش ہو گی کہ غریب کو بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 50 فیصد غریب عوام کے لیے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے بتایا کہ پاکستان کے ذخائر سے نکلنے والی گیس 670 ملین مکعب فٹ ہے، صرف گھریلو صارفین کی گیس کی یومیہ ضرورت ایک ارب 17 کروڑ مکعب فٹ ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بروقت گیس نہیں خریدی گئی، لاوارث ملک کی طرح گیس کے لیے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی، سابق حکومت نے ری گیسی فکیشن کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا۔

مصدق ملک نے انکشاف کیا کہ جاتے جاتے سابق حکومت گیس قیمت کا قانون بھی بدل گئی، نئے قانون کے مطابق جو اوگرا قیمت مقرر کرے وہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے لیے ٹینڈر کر رہے ہیں کوئی نہیں آ رہا، ایک کارگو کے لیے بولی آئی بھی تو 40 ڈالر تک ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 4 ڈالر کی سستی گیس نہیں خریدی گئی، اب گیس کی قیمت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close