صورتحال اچھی ہے، چوہدری پرویز الٰہی ہی وزیراعلیٰ پنجاب بنیں گے، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء مونس الٰہی نے کہا ہے کہ صورتحال اچھی ہے اور پرویز الہی وزیر اعلیٰ پنجاب بنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مونس الہٰی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور کی ہینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے تو اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے لیے اچھی تیاری ہے ، ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ق بھرپور کمپین کر رہی ہے۔

 

اللہ کا فضل ہے صورتحال اچھی جا رہی ہے اس لیے امید ہے تحریک انصاف جیتے گی اور پرویز الہی وزیر اعلیٰ پنجاب بنیں گے۔خیال رہے کہ لاہور کی بینک عدالت میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف 24 ارب کی منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جہاں مونس الٰہی سمیت شریک ملزمان محمد خان بھٹی اور واجد احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، دوران سماعت ایف آئی اے نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزم کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور کیس کا 47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے ، ہم واؤچرز دیکھ رہے ہیں ، تفتیش مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے دیے گئے بیان پر عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے ، ملزمان کے وکیل تیاری کرکےآئیں ، اس کے ساتھ ہی عدالت نے مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع کردی۔ بتاتے چلیں کہ ایف آئی اے مونس الہی اوردیگر کے خلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام پر چھان بین کر رہاہے،مونس الہی نے 23 جون کو بھی ایف ائی اے کے سوالنامہ کے جوابات جمع کرائے تھے۔

 

ایف آئی اے نے مختلف سوالات پر مشتمل سوالنامہ مونس الہی کو دیا تھا جب کہ لاہور کی بینکنگ عدالت نے مونس الہی کی 4 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کی تھی جس میں اب توسیع کردی گئی ہے ۔گزشتہ دنوں ایف آئی اے نے مونس الہی کے خلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام پر مقدمہ درج کیا تھا، مونس الہی ایف آئی اے کے دفتر میں بھی پیش ہوئے تھے، مونس الہیٰ کا پیشی کےبعد میڈیا سے گفتگو میں کہناتھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مجھ سے ساڑھے 4 گھنٹے تفتیش کی گئی، جو سوالات پوچھے گئے میں نے ان سب کا جواب دیا، آج کہہ دوں کہ ن لیگ کا ساتھ دوں گا تو میرے خلاف ایف آئی آرز بھی ختم ہو جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close