دو پرائیویٹ افراد کی آڈیو لیک کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، تحریک انصاف کا بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک پر حیران کن ردِ عمل آگیا

لاہور(پی این آئی) دو پرائیویٹ افراد کی آڈیو لیک کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، بشری بی بی کی مبینہ آڈیو پر فیاض الحسن چوہان کا ردعمل۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ دو پرائیویٹ افراد کی آڈیو لیک کرنا غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر انسانی ہے۔سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی آڈیو لیک پر فیاض الحسن چوہان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیو لیک کا حال بھی توشہ خانہ اور دیگر الزامات کی طرح ہوگا، پریڈ گراؤنڈ کا کامیاب جلسہ آڈیو لیک کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آڈیو ویڈیو لیکس والی سیاست عمران خان کے مشن کا راستہ نہیں روک سکتی، عمران خان پوری جرات اور دلیری سے انجمن غلامان امریکا کا مقابلہ کر رہے ہیں، امریکی سازش کا شکار ہونے والے لوٹے غدار نہیں تو کیا ٹیپو سلطان کہلائیں جائیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کی جلسے میں شرکت عمران خان پر اعتماد ہے۔دوسری جانب (ن) لیگی رہنماؤں عطا تارڑ اور ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان تین سال متواتر آرمی چیف اور ادارے کے بارے میں کہتے رہے کہ ایک پیج پر ہیں، سات واقعات جن میں آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہوئی وہ تحریک انصاف کے کھاتے میں ہیں۔ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان کو توشہ خان سے بہتر نام نہیں دیا جاسکتا، آپ نے پاکستان کی سیاست کو پہلے گندا کیا اور پھر پاکستان کو سفارتی سطح پر گندا کیا، کل سے ایک ٹیپ وائرل ہورہی ہے جس میں سابق خاتون اوّل کی بات چیت ہے، گھریلو خاتون کا نظریہ آپ سب نے سن لیا ہوگا کہ انہوں نے حکم دیا کہ مخالفین کے خلاف غداری کے ٹرینڈ چلائے جائیں اور جب وہ بات نہ بنی تو فارن تعلقات کو گندہ کیا گیا اس طرح آپ نے پہلے پوری سیاست کو گندہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو بھی چلائی جس میں مبینہ طور پر بشری بی بی اور ارسلان خان کے درمیان غداری کے بیانیے سے متعلق بات چیت کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close