لاہور (پی این آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نےسپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ سود کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیلوں کو مسترد کر دے ،سودی نظام اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے خلاف اعلان جنگ ہے ، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے والے بینک ہوش کے ناخن لیں اور اپیل واپس لیں ورنہ عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس امرکا اظہار انہوں نے مرکز راوی روڈ میں مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیت اہل حدیث پاکستان پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی نظام کو مغربی اصولوں پر نہیں بلکہ اسلامی اصولوں پر استوار دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے دستور پاکستان نے سود سے پاک معیشت کو پاکستان کی معاشی منزل قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت دے رکھی ہے کہ وہ قومی معیشت کو جلد از جلد سودی اصول و قوانین سے نجات دلائے۔ ملک کو سودی نظام کی لعنت و نحوست سے پاک کرنے کا مرحلہ وار آغاز کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا۔
مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے روڈ میپ دے۔ ماضی کی حکومتوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کر کے ملک و قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے۔موجودہ حکومت بھی مجبورا آئی ایم ایف کے پاس جارہی ہے اسے کوئی آئیڈیل صورتحال نہیں قرار دیا جاسکتا ۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے اُمید واروں کی حمایت کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابو تراب، قاری صہیب میر محمدی، علامہ شفیق خاں پسروری، چوہدری کاشف نواز رندھاوا، ڈاکٹر زعیم الدین لکھوی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، چوہدری یٰسین ظفر، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، حافظ عامر نجیب، قاری عتیق الرحمن شاہ، مولانا عثمان سلیمان، حاجی نواز مغل ، حافظ فیصل افضل شیخ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں عام انتخابات میں بھر پور شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔
ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ہم سیاسی میدان میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ اجلاس میں مولانا عبدالرشید حجازی اور چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے ضمنی انتخابات میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے مختلف مقامات پرہونے والے حملوں کی مذمت کی گئی اور قرار دیا گیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دی جائے گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں