اسلام آباد (پی این آئی) اوگرا نے پٹرول 4 روپے مہنگا کرنے کی تجویز دی، حکومت نے قیمت میں 14 روپے سے زائد اضافہ کر دیا، تمام پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی عائد، پٹرول پر 10 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر 5،5 روپے پٹرولیم لیوی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے اوگرا کی سمری کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زائد اضافہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
جمعرات کے روز اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جس میں پٹرول 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل 8 روپے 60 پیسے، لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی۔تاہم حکومت کی جانب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت 14 روپے 85 پیسے اضافے سے 248 روپے 74 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔مٹی کا تیل 18 روپے 83 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 13 روپے 23 پیسے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے 68 پیسے مہنگا کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 276 روپے 54 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے مقرر کر دی گئی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں کے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کا رش لگ گیا ہے، شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی ٹینکیاں فُل کروانے پٹرول پمپس پر پہنچ گئے، جس کی وجہ سے پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ یاد رہے گزشتہ روز وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 50 روپے پیٹرولیم لیوی میں موحلہ وار اضافہ کریں گے، آئندہ دو تین ماہ مشکل ہیں مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، لیکن ہم ڈیفالٹ سے بچ چکے ہیں اور بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں