وزارت خزانہ کی خاتون افسر کو واش روم میں بند کرکے مارنے کی مبینہ کوشش کا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)وزارت خزانہ کے “فنانس ڈویژن” کی ایک خاتون افسر نے وزارت کے “ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ” کو لکھی گئی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ جمعے کے روز نامعلوم افراد نے ان کو واش روم میں باہر سے تالا لگا کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔

وزارت خزانہ کے فائنانس ڈویژن کی خاتون افسرنے درخواست میں کہا ہے کہ گزشتہ جمعے کے روز 10 اور 11 بجے کے درمیان وہ واش روم استعمال کرنے گئی لیکن جب وہ باہر نکل رہی تھی تو واش روم کا دروازہ بند تھا اور کوئی واش روم کے دروازے کو باہر سے تالا لگا کر چلا گیا۔درخواست کے مطابق وہ دل کی مریضہ ہے اور واش روم میں بند کرکے اس کو جان سے مارنے کی کوشش کی گئی کیونکہ وہ ایک گھنٹے تک واش روم میں بند رہی۔انہوں نے کہا میں چیختی چلاتی رہی مگر کسی نے دروازہ نہیں کھولا اور تقریباً ایک گھنٹے بعد ان کے واش روم کا دروازہ کھول دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چہرے پر نقاب لگائے شخص ان کے واش روم جانے کے بعد دروازے کو باہر سے تالا لگا کر چلا جاتا ہے لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف نہیں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شخص مرد ہے یا خاتون؟ لیکن میں حکام سے درخواست کرتی ہوں کہ جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close