لاہور(نیوزڈیسک ) دعا زہرا نے والدین سے ایک اور اپیل کر دی، کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کا کہنا ہے کہ انہیں یوٹیوبرز کی ہمدردیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ دعا زہرا کا حال ہی میں انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں اسے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ساری جھوٹی باتیں کہنا بند کریں۔
مجھے آپ کی ہمدردیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ آپ کو مجھ سے کتنی ہمدردی ہے۔۔ دعا زہرا نے کہا کہ میرے شوہر کی عزت کریں، مجھ سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلانا بند کریں۔والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے دعا نے کہا کہ ضد چھوڑ دیں مجھے اور میرے شوہر کو قبول کرلیں۔انہوں نے کہا کہ میں اغوا نہیں ہوئی ہو اور یہ بات میرے والدین کو پہلے دن سے معلوم ہے۔دوسری جانب دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا اور کہا موجودہ تفتیشی افسر پر اعتماد نہیں، شبہ ہے کہ تفتیشی افسر عمر کے تعین کے لئے دعا زہرا کو پیش نہ کرے۔تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں دعا زہرا کے مبینہ اغوا کیس میں والد مہدی کاظمی نے کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی کے لئے عدالت میں درخواست دائر کردی۔
مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں درخواست دائر کی ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ تفتیشی افسر کا رویہ جانبدارانہ نظر آتا ہے، مدعی مقدمہ مہدی کاظمی اور اہل خانہ کو موجودہ تفتیشی افسر پر اعتماد نہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ اہل خانہ کو شبہ ہے کہ تفتیشی افسر عمر کے تعین کے چیک اپ کے لئے دعا زہرا کو پیش نہ کرے،عدالت تفتیشی افسر کو تبدیل کرنے اور کسی قابل افسر کو مقرر کرنے کے احکامات جاری کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں