حکومت کی مشکلات میں اضافہ ، اہم ترین اتحادی جماعت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

پشاور(پی این آئی) حکومتی اتحاد میں شامل عوامی نیشنل پارٹی نے بھی شہباز حکومت کو خبردار کردیا۔اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی تو اے این پی کو تلک فیصلے لینے ہوں گے۔اے این پی نے سلیکٹڈ سے عوام کی جان چھڑانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا، موجودہ حکومت کو اب ذمہ داری لینی ہوگی۔

امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ درست معاشی پالیسیوں عوام کو ریلیف کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔اے این پی کسی ایسی حکومت کی حمایت نہیں کرے گی جو عوام کی خدمت نہ کر سکیں۔عوامی خدمت کیلئے اے این پی کسی وزارت اور عہدے کی محتاج نہیں۔ سخاکوٹ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ جانتے ہیں کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔عوام کی موجودہ مشکلات کی ذمہ دار تحریک انصاف کی نااہل اور نالائق حکومت ہے۔پچھلے چار سال میں تحریک انصاف نے 20 ہزارارب روپے کا بیرونی قرضہ لیاہے۔تحریک انصاف کی نااہلی کی وجہ سے چار سال میں بجلی کی مد میں ڈھائی ہزار ارب روپے جبکہ گیس کی مد میں 1400 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔

چار سالہ سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سیآج معیشت زوال پزیر جبکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس یوکرائن تنازعے کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ پچھلی نااہل حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت خزانے میں وہ دم خم باقی نہیں کہ یہ بوجھ برداشت کرسکے۔موجودہ حالات میں حکومت کے پاس اپنے عوام پر خرچ کرنے کیلئے کچھ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کو مزید عوام سے قربانی کی توقع رکھنا ترک کرنی ہوگی۔دونوں حکومتوں کو عوام کے مشکلات کے حل کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔اگر حکومت واقعی عوامی مشکلات کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے لیکن پیسوں کی کمی ہے توقربانی کا آغاز پارلیمان سے کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close