پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 320روپے فی لیٹر تک جانے کا امکان، خدشہ ظاہر کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت 320 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ بحران شدید ہوتا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم نے 48 گھنٹے میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب وزیر اعظم اور وزیر توانائی کہہ رہے ہیں جولائی میں بھی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔

 

عمرایوب نے کہا کہ پاکستان روس سے تیل لے رہا تھا اور پی ٹی آئی حکومت نے 80 فیصد فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ختم کر دی تھی جبکہ سحر و افطار میں ننانوے فیصد ملک میں بلا تعطل بجلی فراہم کی گئی۔ملک میں سات سے آٹھ ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے اور اگست تک بجلی کا فی یونٹ 45 روپے کا ہو جائے گا۔اوگرا نے گیس کی قیمت 400 فیصد بڑھانے کی سفارش کی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بھی 320 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میںپارلیمانی لیڈرخرم شیر زمان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو سمجھ نہیں آرہا ملک کیسے چلائیں۔ سندھ حکومت کے بجلی کی بچت کیلئے کراچی میں کاروبار کیلئے نئے اوقات کار کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہاکہ بجلی کی بچت کے لئے کراچی میں شادی ہالز، مارکیٹ، ریسٹورنٹ بند کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو سمجھ نہیں آرہا ملک کیسے چلائیں، اسی نظام کے ساتھ عمران حکومت میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی، نالائق امپورٹڈ حکومت کے آنے سے پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

 

خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، عمران خان نے کراچی کو ایڈیشنل بجلی دی تاکہ کراچی چلتا رہے، امپورٹڈ حکومت کے آتے ہی کراچی کی بجلی شہریوں سے واپس لے لی گئی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی دعویدار جماعتیں کیوں خاموش ہیں آواز کب اٹھائیں گے، پی ٹی آئی کراچی پر ہونے والے ظلم کیخلاف آواز اٹھاتی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close