لاہور (نیوزڈیسک) وزیر خزانہ نے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز 1 روپے میں فروخت کرنے کی پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کے 2 بڑے سرکاری ادارے پی آئی اے اور اسٹیل ملز کو صرف 1 روپے میں فروخت کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز اور پی آئی اے اگر کوئی ہم سے 1 روپے میں خرید لے تو بہت فائدہ مند ہے، تاہم ان اداروں کو کوئی نہیں خریدے گا کیونکہ ان کی ایکویٹی مائنس میں چل رہی ہے
۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ پی آئی اے کے حوالے سے دوست ممالک سے بات کی ہے، اگر دوست ممالک نے پی آئی اے نہ خریدی تو کچھ اور سوچیں گے۔ جبکہ اس وقت اسٹیل ملز کا مسئلہ زیادہ اہم ہے، اسٹیل ملز پر 2 روز پہلے بھی اجلاس کیا تھا، انہیں کام کرنے کو کہا ہے، 19 ہزار میں سے ساڑھے 4 ہزار ایکڑ اراضی لیز پر دے رہے ہیں، اسٹیل ملز کی جو اصل جگہ ہے اسے الگ کر رہے ہیں، اسٹیل ملز کا قرض کسی اور کمپنی پر منتقل کر رہے ہیں، ہم اس سال کے آخر تک کچھ نہ کچھ پرائیویٹائز ضرور کریں گے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ نواز شریف کا تھا، مجھے بجٹ بنانے اور آئی ایم ایف سے بات کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جب حکومت سنبھالی تو بہت مشکلات تھیں، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا وہ ہم نے کیا، تاریخ کہے گی کہ مفتاح اسماعیل نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیر خزانہ نے بتایا کہ حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف 30 جون کو کریں گے، پٹرولیم لیوی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم ہی فیصلہ کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں