پنجاب میں ضمنی الیکشن، ن لیگ نے مریم نواز کو بھی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا، بڑی خبر

لاہور (پی این آئی) صوبہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ۔ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے ہونے والی انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز لاہور سمیت صوبے کے مختلف حلقوں میں کنونشن کریں گی ، اس دوران مریم نواز کمزور لیگی امیدواروں کے حلقوں میں دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔

 

دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی صورت میں خون خرابے کا خدشہ ظاہر کردیا ، انہوں نے کہا کہ اگر دھاندلی ہوتی رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی اور 17 جولائی کو بھی ایسا ہوا تو خون خرابا ہوگا ، اس لیے لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں بہتر انتظامات ہونے چاہیے کیوں کہ کل بھی سندھ میں انتخابات کے دوران دو افراد انتقال کر گئے ، اگر 17 جولائی کو سندھ بلدیاتی الیکشن کی طرح کی چور بازاری اور غنڈہ گردی ہوئی تو انارکی پھیلے گی ، ایسی صورتحال میں جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے اور معیشت دم توڑ دے گی، ضمنی انتخابات میں اگر کوئی ایسی صورتحال ہوئی تو 12 رکنی اتحاد ذمہ دار ہوگی۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کہا عالمی سازش سے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لایا گیا لیکن عمران خان کی سیاست عدم اعتماد تحریک اور سازش سے بڑی ہے ، اس وقت 13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے ، کل سندھ کے انتخابات میں بیلٹ باکسوں کو اٹھا کر لے گئے جب کہ نواب شاہ میں پریزائیڈنگ افسران کو بھی اٹھا کر لے گئے ، ایم کیو ایم کو تو کل پتہ لگ جانا چاہیے تھا، اے این پی کو پتہ لگ گیا ، بی اے پی کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔

 

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یہ جان لے کہ پنجاب کے 20 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن پر پوری قوم کی نظریں ہیں، الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں پورا ملک ضمنی الیکشن کو دیکھ رہا ہے، یہ 20 الیکشن فیصلہ کریں گے کہ عوام الیکشن کمیشن پر اعتماد کر سکتے ہیں یا نہیں ، نوجوانوں آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن کو سنبھالنا ہے، گھر گھر جاکر لوگوں کو ووٹ دینے کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ یہ ایک حلقے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے، آپ نے قوم کو جگانا اور احساس دلانا ہے کہ وہ چوروں کو ووٹ نہ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close