سابق ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام نے عمران خان کی کھل کر حمایت کردی

اسلام آباد( پی این آئی) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حمایت کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جس کا اہتمام انہوں نے کہوٹہ کے علاقے مٹور میں آبائی گھر پر کیا۔سابق ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان کی حمایت کا اعلان کیا۔

 

انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار کے لیے باقاعدہ الیکشن مہم شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حمایت کرنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں آپ سب کو بلانے کا ایک مقصد تھا،میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں کوئی سیاستدان نہیں اصلی نیوٹرل ہوں۔برادری، تحصیل اچھی چیزیں ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں ان چیزوں سے آگے نکل کر سوچنا ہے اور ہم نے اپنے ملک کے بارے میں سوچنا ہے۔جب ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سوچتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ایسا ملک ہو جہاں لوگ اپنی زندگی اور اپنے سسٹم سے خوش ہوں۔سیاسی طور پر مختلف جماعتیں آتی رہیں، ہم نے مختلف جماعتوں کو دیکھا لیکن جس راستے پر ہمیں گامزن ہونا چاہتے تھا وہ نہیں ہو سکا۔ظہیر الاسلام نے مزید کہا کہ ہم نے یہ نہیں دیکھنا کہ امیدوار کون ہے بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ سسٹم کون سا ہے اور وہ سسٹم ہمیں پی ٹی آئی میں نظر آتا ہے۔

 

یہاں واضح رہے کہ پی ٹی آئی منحرف رکن اسمبلی کے ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی بی 7 راولپنڈی میں ضمنی انتخاب 17 جولائی کو ہونا ہے۔مذکورہ تقریب میں سینکڑوں افراد نے بھر پو ر شرکت کرکے کرنل ر شبیر اعوان کی حمائت کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں